کسی کو بھی پارٹی میں ڈکٹیٹر شپ قائم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، نواب سلمان خان خلجی اوردیگر کا اجلاس سے خطاب
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماوں کا ایک اجلاس ہفتہ کو پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئرنائب صدر نواب سلمان خان خلجی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے مرکزی سینئر نائب صدر جہانگیر خان خروٹی،پارٹی کے رہنما شبیر راجپورت، اسد مینگل، میر زمان لہڑی،ایڈووکیت نعیم سکندر،شمع شہزاد سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خان خلجی،جہانگیرخروٹی، شبیرراجپوت، اسد مینگل میرزمان لہڑی، ایڈووکیٹ نعیم سکندر،شمع شہزاد نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ایک جمہوری اورسیاسی پارٹی ہے جو نے ملک میں جمہوریت کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے کسی کو بھی پارٹی میں ڈکٹیٹر شپ قائم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، مسلم لیگ(ن) نظریاتی کارکنوں نے ہمیشہ پارٹی کے لئے قربانی دی ہے لیکن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کے سینئر اور پرانے کارکنوں اورساتھیوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں فصلی بٹیرے آتے جاتے رہتے ہیں جو کارکنوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے کارکنوں میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف،مریم نواز اوردیگر مرکزی قائدین کو اپنا کردارادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سرپر آچکے ہیں لیکن بلوچستان میں پارٹی غیر فعال ہے جس کا نقصان پارٹی کو اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) جلد ہی شمولیتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائیگا اور پارٹی کو فعال بنانے کیلئے پارٹی عہدیداران اور کارکن اپنا کردارادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل ہمارے لئے قابل احترام ہیں انہیں بھی چاہئے کہ وہ پرانے اورسینئر ساتھیوں کو ساتھ لیکر پارٹی کی فعالیت کیلئے اپنا کردارادا کریں۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن)کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خلجی نے علمدار روڈ پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سیکرٹریٹ کیلئے باقاعدہ جگہ دینے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں یوتھ ونگ اور خواتین ونگ کیلئے الگ الگ دفاتر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے فوری بعد مرکزی قیادت کو کوئٹہ بلاکر مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سیکرٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔