مجھے جیل میں سہولت فراہم نہیں کی جا رہی، چودھری پرویز الٰہی
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میں عدالت سے بات کرنا چاہتا ہوں۔چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مجھے جیل میں سہولت فراہم نہیں کی جا رہی،انہوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو بتایا کہ مجھے ایف آئی اے والے جیل سے لیکر آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فرش پر کیڑے رینگتے ہیں کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی،پہلی سماعت پر بھی یہی کپڑے تھے آج بھی وہی سوٹ پہنا ہوا ہے۔چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ یہ ہائی کورٹ کا حکم نہیں مان رہے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ آج صبح چودھری پرویز الٰہی کو جیل سے رہا ہوتے ہی ایف آئی اے نے دوبارہ گرفتار کرلیا تھا اور انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔رہائی سے قبل سروسز اسپتال کے ڈاکٹروں نے کیمپ جیل میں ان کا طبی معائنہ کیا جس میں ڈاکٹروں نے انہیں صحت مند قرار دیا۔ایف آئی اے کی جانب سے چودھری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی لیکن عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔