عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں پی پی ایچ آئی کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، ڈپٹی کمشنر قلات

قلات(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں پی پی ایچ آئی کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں پی پی ایچ آئی قلات کی کارکردگی تسلی بخش ہے قلات میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں پی پی ایچ آئی کا کردار نمایاں اور دوسرے اضلاع کے مقابلے میں کافی بہتر ہے تاہم بہتری کی گنجائش ہر وقت اور ہمیشہ ہر جگہ رہتی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ کے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک مخلص اور فرض شناس آفیسر ہیں اور ایسے افسران قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی ایچ آئی قلات کے دفتر کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ نے انہیں دفتر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا۔ اس موقع پر پی پی ایچ آئی قلات کی کارکردگی اور صحت کی بنیادی سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو پی پی ایچ آئی کے ادویات اسٹور کا تفصیلی دورہ بھی کروایا اور ادویات سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر قلات نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی پی ایچ آئی بلوچستان بالعموم اور پی پی ایچ قلات بالخصوص عوامی خدمت کا سلسلہ ایسے ہی جاری رکھے گا۔ منیر احمد درانی نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ قلات پی پی ایچ آئی سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے