باپ کے بعد بیٹی کو فرار کرانے کے لیے ٹھیکیدار کو کنٹریکٹ مل گیا ہے،حافظ حسین احمد
کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ آزادی مارچ میں دولت کی بدولت پہلے نواز شریف لندن بھاگ گئے اب مارچ میں ”رینٹل مارچ“ کے ذریعے”ٹھیکیدار“نے مریم نواز کو فرار کرنے کا ”کنٹریکٹ“ حاصل کرلیا ہے۔ منگل کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 20ستمبر کو جس الیکٹورل کالج کو ختم کرنے کا جو معاہدہ پاکستان کیا تھااب اس کے حصول کے لیے تگ و دو کی جارہی ہے پی ڈی ایم کی قیادت نے یوٹرن لینے میں بڑے ریکارڈ قائم کرلیے ہیں پی ڈی ایم اپنے ہی فیصلوں اور معاہدوں سے ہٹ کر تھوک چاٹ رہی ہے جس الیکشن کمیشن کو ماننے سے انکار کیا گیا آج اسی کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا گیااور جو لوگ استعفے اسپیکر کے منہ پر مارنے والے تھے اب وہ خود کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں میاں نواز شریف صحت کا بہانا بنا کر لندن بھاگ گئے تھے اب رینٹل احتجاج کے ماہر ٹھیکیدار مریم نواز کو فرار کرانے کے لیے مارچ میں مارچ کی تیاریاں کررہے ہیں اور رینٹل مارچ کے لیے ٹھیکیدار کی جانب سے5ارب روپے کی فراہمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے وقت باپ اور بیٹی دونوں کے جانے کا پلان تھا اسی لیے گیارہ ماہ تک خاموشی اختیار کی گئی لیکن ای سی ایل کی وجہ سے مریم نواز نہ جاسکی، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا یہ کہنا کہ وہ بیمارہیں لیکن وہ باہر نہیں جائیں گی دراصل بیماری کا بہانا جانے کے لیے ہی کیا جارہا ہے باپ اور بیٹی کا طریقہ واردات ایک ہی ہے۔