ہمارے ہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے صرف ان کو مناسب تربیت اور سہولتوں کی فراہمی کی ضرورت ہے، ملک عبدالولی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے تحت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مختلف اضلاع کی ٹیمز کے درمیان والی بال میگا ایونٹ مقابلوں کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے. اس سلسلے میں وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات دے رہی ہے. وزیراعظم پاکستان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نئی نسل کی مناسب تربیت کا باعث بنے گا. انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام قومی کھلاڑیوں پر فخر ہے، اْمید ہے کہ وہ آئندہ بھی قوم کا سر فخر سے بلند کرتے رہیں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے پانچ اضلاع سے مرد وخواتین والی بال ٹیمز کی شرکت کو یقینی بنانا یقیناً ایک صحت مند معاشرے کی جانب اہم پیش رفت ہے. ویسے بھی انسانی جسم اور ذہن کے درمیان ایک گہرا رشتہ ہے. جسم کی تندرستی دراصل ذہنی صحت کی ضامن ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمارے ہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے صرف ان کو مناسب تربیت اور سہولتوں کی فراہمی کی ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف گیمز میں عالمی چمپیئن رہا ہے اور آج بھی کھیلوں کی دنیا میں پاکستان اپنی کارکردگی کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے. موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور بلوچستان میں مختلف کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو تمام ممکنہ سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے. گورنر نے کہا کہ یہ بات باعث افتخار ہے کہ ہمارے عالمی شہرت یافتہ متعدد کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا. کھلاڑی انتھک محنت، بلند عزم اور مستقل مزاجی کے اوصاف پیدا کر کے کامیابی اور کامرانی حاصل سکتا ہے. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اس عزم کو دہرایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کی سرپرستی اور صوصلہ افرائی کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ہر چھ ماہ کے بعد مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے مسلسل سے ہی ہم تخیلیقی ذہن سامنے لا سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے والی بال کے مقابلوں میں خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر چھ ماہ بعد میگا ایوانٹ کرانے سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے. اس طرح سہولیات اور مواقع فراہم کرنے سے ٹیلنٹ کو ابھارنے اور نکھارنے کا تسلسل جاری رہیگا. اس موقع پر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر سہراب خان بزنجو، بیوٹمز یونیورسٹی کے ڈاکٹر عبدالرحمٰن اور ڈی جی کھیل درا بلوچ موجود تھے. آخر میں گورنر بلوچستان نے کھلاڑیوں اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز اور سوینئرز تقسیم کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے