سرکار کی اراضی پرتعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی گھروں کی تعمیر و مرمت پر دفعہ 144 نافذ ہے، عائشہ زہری
نصیر آباد(ڈیل گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد عائشہ زہری نے کہا ہے کہ سرکار کی اراضی پر تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی گھروں کی تعمیر و مرمت پر دفعہ 144 نافذ ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی پٹواری متعلقہ علاقوں میں تعمیراتی کام پر گہری نظر مرکوز رکھیں سرکاری اراضی کی نگرانی کے لیے وارڈز کی سطح پر پٹواری نگرانی کریں گے جن علاقوں میں سرکاری اراضی پر قبضہ کیا گیا تو متعلقہ پٹواری کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ریونیو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکریٹری اینٹی انکروچمنٹ کمیٹی نور احمد ڈومکی تحصیلدار مجیب الرحمٰن ساتکزئی نائب تحصیلدار صدورا خان ابڑو ڈی ایس پی شمن علی سولنگی غلام رسول بزدار سمیت دیگر موجود تھے ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری نے کہاکہ سرکاری اراضی کو قبضے سے بچانے کیلیے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے وارڈز کی سطح پر نگرانی کے لیے اگر مزید پٹواریوں کی ضرورت پڑی تو اس میں بھی اضافہ کیا جائے گا جو اپنی رپورٹ تحریری طور پر تحصیلدار کو فراہم کریں گے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو مکمل طور پر فعال کیا جائے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ بارشوں کے نقصانات کی آڑ میں کسی کو غیر قانونی تعمیرات کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی تعمیر و مرمت کے کام پر مکمل طور پر پابندی عائد رہے گی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔