مسلم لیگ (ن) کے دورواز ے تمام لوگوں کے لئے کھلے ہیں، شیخ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے دورواز ے تمام لوگوں کے لئے کھلے ہیں، بلوچستان پر توجہ نہ دینے کا تاثر دراصل پروپگینڈا ہے جسکا فائدہ چند عناصر حاصل کرنا چاہتے ہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔یہ بات انہوں نے منگل کو وکی منظور مغل کی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سیدال ناصر، نصیر اچکزئی، ملک ظاہر کاکڑ، چوہدری نعیم کریم، میر نصیب بلوچ، عامر مندوخیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو بلوچستان میں فعال اور مضبوط بنانے کے بیڑہ اٹھایا ہے ہم اس قافلے کو ہر گزرتے دن کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں عنقریب مسلم لیگ(ن) میں اہم شخصیات اور الیکٹ ایبلز شامل ہونگے اور آنے والے وقت میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی باقاعدگی نمائندگی کریگی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے نمائندوں میں بیشتر لوگ ایسے ہیں جنہوں نے حق نمائندگی ادا نہیں کیا ہم ایسے لوگوں کو سامنے لائیں گے جو صوبے کی بہتر نمائندگی کر نے کے اہل ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں قومی سیاسی جماعتوں کا خلاء ہے جسے مسلم لیگ(ن) پورا کریگی ہم جلد ہی میدان عمل میں بھی نظر آئیں گے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بعض لوگ منظم پروپگینڈا کے تحت تاثر دے رہے ہیں مسلم لیگ(ن) بلوچستان پر توجہ نہیں دے رہی یہ تاثر غلط ہے جس سے کچھ لوگوں کو فائدہ ہورہا ہے مسلم لیگ(ن) کی قیادت بلوچستان کے معاملے میں سنجیدہ اور حساس ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دوروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہیں خواہ انکا تعلق کسی بھی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو بلوچستان کا سیاسی ماحول ملک بھر کے ماحول سے مختلف ہے یہاں بات چیت جاری رہتی ہے اور الیکٹ ایبلز اہمیت رکھتے ہیں جو مسلم لیگ(ن) میں جلد ہی شامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل اس وقت گھمبیر ہیں معیشت کی بحالی سنجیدہ مسئلہ ہے جس سے ہماری حکومت دوچقار ہے یہی حالات رہے تو آنے والے وقت میں بجٹ پیش کرنے اور قرض دینے کے لئے قرض لینے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت بلوچستان کے لئے خصوصی پیکج دیگی اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے میں اپنے حلقے ژوب سے انتخابات میں حصہ لوں گا اگر عوام نے پسند کیا تو وہیں سے منتخب ہوکر آؤنگا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کاکردار دیکھ کر انہیں شامل کیا جارہا ہے۔انہوں نے شمولیت کرنے پر وکی منظور کر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو فعال اور مضبوط بنائیں گے۔اس موقع پر وکی منظور مغل نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، مریم نواز سمیت پارٹی کی صوبائی اور مرکزی قیادت سے متاثر ہوکر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہورہے ہیں پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کیا ہے امید ہے وہ یہ کام جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے