پی پی ایچ آئی کے ملازمین پیرا میڈیکل اسٹاف گزشتہ 16سال سے کنٹریکٹ کی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پی پی ایچ آئی کے ملازمین پیرا میڈیکل اسٹاف گزشتہ 16سال سے کنٹریکٹ کی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں اسمبلی سے قرار داد منظور ہونے کے باوجود بھی ملازمین کو مستقل نہیں کیا جارہا وزیراعلیٰ بلوچستان فوری طور پر پی پی ایچ آئی کے کنٹریکٹ ملازمین کی بحالی کے احکامات جاری کریں۔ یہ بات انہوں نے پی پی ایچ آئی ملازمین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پی پی ایچ آئی کی شعبہ صحت کی کلیدی خدمات ہیں محکمے میں فرائض سرانجام دینے والے پیرامیڈیکل اسٹاف کے لوگوں نے کورونا وائرس کی وباء ہویا معمول کی صورتحال ہمیشہ انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ پی پی ایچ آئی کے ملازمین پیرامیڈیکل اسٹاف گزشتہ 16سال سے اپنی خدمات صوبے کے مختلف بی ایچ یو ز میں سرانجام دے رہے ہیں لیکن وہ تاحال مستقلی کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی کے 16اہم سال ایک محکمے کے لئے صرف کرنے والے ملازمین کا حق ہے کہ انہیں فوری طور پر مستقل کیا جائے جبکہ پی پی ایچ آئی کے پیرامیڈیکل ملازمین کو بار ہا یقین دہانی کے باوجود بھی مستقل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ملازمین میں مایوسی اور تشویش پائی جاتی ہے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مستقلی پی پی ایچ آئی کے ملازمین کا حق ہے اور اس بابت بلوچستان اسمبلی سے قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جبکی وزیر اعلی نے خود بھی ملازمین کی مستقلی کے لئے کابینہ اجلاس میں ایجنڈا رکھنے کا کہا تھا تاہم اس پر بھی عملدآمد نہیں ہوا لہذا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے گزارش ہے کہ وہ فوری طو رپر پی پی ایچ آئی کے پیرامیڈیکل ملازمین کو مستقل کر نے کے احکامات جاری کریں اور ملازمین کو ذہنی اذیت اور کوفت سے نجات دلوائیں تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے سکیں،