بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے پی ایس ڈی پی میں شامل اسکیمات کے فنڈز کے عدم اجراء اور تعطل کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا
کوئٹہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے پی ایس ڈی پی میں شامل اسکیمات کے فنڈز کے عدم اجراء اور تعطل کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا وکلاء سے درخواست کی تیاری کے حوالے سے مشاورت شروع کردی گئی، اپوزیشن ذرائع نے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے اپوزیشن کی جانب سے پی ایس ڈی پی کو عدالت میں چیلنج کرنے کے بعد انتقامی کاروائی شروع کردی ہے ایک رکن اسمبلی نے بتایا کہ پی ایس ڈی پی میں شامل وہ اسکیمات جو اپوزیشن حلقوں میں تھیں انہیں بلاجواز تعطل کا شکار کردیا گیا ہے اسکیمات کے فنڈز کے عدم اجراء کی وجہ ان پر عملدآمد نہیں ہو پارہا ہے جسکی وجہ سے پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیمات سمیت دیگر اہم منصوبے بھی تعطل کا شکار ہیں ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن ارکان نے مشترکہ طور پر ایک بار پھر حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے اپوزیشن ارکان نے وکلا سے صلاح و مشورے کرکے درخواست کی تیاری شروع کردی ہے جو جلد ہی بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کی جائیگی