ترک صدر طیب اردوان کی تقریبِ حلف برداری، شہباز شریف شرکت کیلئے ترکیہ پہنچ گئے
ترکی: ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سمیت کئی دیگر عالمی رہنما ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ پہنچ چکے ہیں جہاں تقریب حلف برداری کے بعد ان کے محل میں شاندار تقریب کا انعقاد ہوگا۔طیب اردوان نے 28 مئی کو ایک طاقتور اپوزیشن اتحاد کے خلاف رن آف الیکشن جیت لیا تھا، سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 52.18 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے سیکولر حریف کمال کلیچ دار اوگلو نے 47.82 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
ترکیہ کے سب سے طویل عرصے تک برسراقتدار رہنے والے رہنما کو اپنی تیسری میعاد میں فوری اور بڑے چیلنجز کا سامنا ہوگا جس کی وجہ زوال پذیر معیشت اور مغربی ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی میں تناؤ ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر گزشتہ شب ترکیہ پہنچے تھے، حکومتِ پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھاگیا کہ وزیر اعظم کو ترک وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی مشن کے حکام نے خوش آمدید کہا، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی پر مشتمل وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔