آئندہ آنے والے صوبائی بجٹ میں خاران کو نظر انداز نہ کیا جائے، میر عبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے اپیل کی ہے کہ آئندہ آنے والے صوبائی بجٹ میں خاران کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ ہماری نشاندہی پر سابقہ دور سے چلی آنے والی بعض ترقیاتی اسکیمات کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کا اجراء کیا جائے اور انہیں اس بجٹ میں ترجیح دی جائے۔ یہ اسکیمات اجتماعی ہیں جس کا براہ راست فائدہ خاران کے عوام، زمینداروں اور ٹرانسپورٹروں کو ہوگا۔ یہ بات انہوں نے خاران کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ جام کمال جب وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز تھے تو انہوں نے خاران کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے بعض عوامی نوعیت کی اجتماعی ترقیاتی اسکیمات کی منظوری دیتے ہوئے فنڈز کے اجراء کا اعلان کیا تھا جس میں جنگل نارو گرک روڈ جس کا ایک حصہ مکمل ہوا دو حصے باقی ہیں اس کیلئے شعیب نوشیروانی نے 50کروڑ روپے کا پی سی ون بنا کر جمع کرا دیا ہے اسی طرح توتازی روڈ ہے اس کا بھی پی سی ون جمع ہے 16کروڑ روپے کی واٹر سپلائی اسکیمات ہیں جس میں سے 8کروڑ روپے جاری ہوئے ہیں اور 8کروڑ روپے باقی ہیں جبکہ بی آر سی کالج خاران دس سال سے فنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نامکمل پڑا ہے۔ یہ خاران کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے حوالے سے اہم نوعیت کے منصوبے ہیں جو کہ فنڈز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے نامکمل پڑے ہیں ان کی تکمیل سے خاران اور یہاں کے عوام ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں لہذا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو جو کہ خاران کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں آنے والے بجٹ میں عوامی نوعیت کی ان اجتماعی اسکیمات کو شامل کریں۔ خاران کے عوام ان کے تہہ دل سے مشکور رہیں گے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بزنجو جو کہ باپ پارٹی کے سربراہ بھی ہیں ہم ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ ان ترقیاتی اسکیمات کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لیں گے اور خاران میں اپنی جماعت کو مزید مضبوط بنائیں گے کیونکہ خاران باپ پارٹی کا گڑھ ہے ساڑھے چار سال سے ہمیں اور پارٹی کو خاران میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ جام صاحب کے بعد ہمیں وزیراعلیٰ قدوس بزنجو سے یہ امید ہے کہ وہ ہمیں نظر انداز نہیں کریں گے بلکہ خاران کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نہ صرف پارٹی کو بلکہ ہمیں مضبوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ ملازمتیں ہوں یا ترقیاتی کام ہمارے سیاسی مخالفین نے ہمارے خلاف جو پالیسی اپنائی لیکن اپنے ان ہتھکنڈوں سے وہ ہمیں خاران کے عوام کے دلوں سے نہیں نکال پائے۔ خاران کے عوام آج بھی ہم سب سے پیار کرتے ہیں آئندہ الیکشن میں عوام کی طاقت سے ہم واپس آئیں گے اور خاران کی ترقی و خوشحالی کا دوبارہ سفر شروع کریں گے انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ آئندہ بجٹ میں خاران کو نظر انداز نہ ہونے دیں اور ہماری اجتماعی ترقیاتی اسکیمات کو بجٹ میں شامل کرکے عوام دوستی کا ثبوت دیں۔