عسکری اورقومی تنصیبات پرحملے اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، میر عاصم کرد گیلو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر وسابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے عسکری اورقومی تنصیبات پرحملے اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے شہدا کو بلوچستان کے عوام خراج عقیدت پیش کرتے ہیں شہدا کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بولان اور مچھ میں یوم اتکریم شہدا کے حوالے سے نکالی گئی ریلیوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میرعاصم کردگیلو نے کہا کہ شہداقوم کے اصل ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ہم پر امن اور آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں،ہم پاک افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے تمام شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خود کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری افواج نے جب بھی ضرورت پڑی دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور وطن عزیز کی سا لمیت کو یقینی بنایا اور دشمن پر واضح کر دیا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ہماری فوج اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے جس ہمت، فرض شناسی، حب الوطنی اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا وہ د نیا کیلئے بھی قابل تقلید ہے ٗحکومت نے25مئی کو قومی سطح پر یوم تکریم شہدامنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد شہداکی ان لازوال قربانیوں کو یاد کرنا اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکریم شہداکے موقع پر ہم پاک افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے غازیوں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دن رات عوام کے جان و املاک کے تحفظ اور امن عامہ کے لئے فرائض جانفشانی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے پوری قوم پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اگر دشمن نے جارحیت کا ارتکاب کرنے کی کوشش کی تواسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر اپنے شہداکے لواحقین کی ہمت و حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اورشہداء کے درجات کی بلندی کیلئے د عا گو ہیں۔میر عاصم کرد گیلو نے مچھ اور بولان میں کامیاب ریلیوں کے انعقاد پر بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا