9 مئی کو ملک کے مختلف شہروں میں جو کچھ ہوا اس سے ملک و قوم اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، میر عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما ء اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے ملک میں 9مئی کے پرتشدد واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کو ملک کے مختلف شہروں میں جو کچھ ہوا اس سے ملک و قوم اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، اقتدار کی ہوس نے تمام حدود کو پار کرنے والوں کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے، پاک افواج اور اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے صبرو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا۔ کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی کا کہنا تھا کہ 9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، ایک سیاسی جماعت اسکے قائدین اور کارکنوں نے ایک منظم سازش کے تحت ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور پر تشدد راستہ اپنایا اور سرکاری و فوجی تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچایا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیاست میں روا داری اور صبرو تحمل ایک بنیادی نقطہ ہے پر امن احتجاج کے بجائے پر تشدد احتجاج اور نوجوانوں کے ذہنوں کو زہر آلود بنا کر ریاستی اداروں کے خلاف کھڑا کرنے والوں کو قرار واقع سزا دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ریاست پھر سیاست، ہم نے یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے لیکن آج اقتدار کیلئے بے چین لوگ اس ریاست کے ساتھ جو رویہ رکھے ہوئے ہیں اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پاک افواج اور اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے صبرو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے نظریے شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو یہ مجرمانہ غفلت ہوگی جس کا یہ ملک اور عوام متحمل نہیں ہوسکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے