سانحہ 9 مئی کےبعد تحریک انصاف کے 24 سابقہ ایم این ایزنے پارٹی چھوڑنے کی تیاری کرلی

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سانحہ 9 مئی کےبعد تحریک انصاف کے 24 سابقہ ایم این ایزنے پارٹی چھوڑنے کی تیاری کرلی، تحریک انصاف کے متعدد اہم این ایز کا ایک دوسرے سے رابطہ، جلد میڈیا کے سامنے پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا ذرائع کے مطابق پارٹی چھوڑنے والوں میں خیبرپختونخوا ، پنجاب اور سندھ کے سابقہ ارکان قومی اسمبلی ہیں ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی چھوڑنے والوں کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ،

دوسری جانب عمران خان کے سابق دیرینہ دوست جہانگیر ترین نےسیاست کے میدان میں پھر انٹری دیتے ہوئے پارٹی سے وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو ساتھ ملانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 2018 ء کے انتخابات میں جہانگیر ترین کی آشیر باد سے صوبائی اور قومی حلقوں میں ٹکٹ لینے والے سابقہ ارکان سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں، ان کو پارٹی چھوڑنے پر آئندہ انتخابات میں ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ جہانگیر ترین ، عمران خان کے انتہائی قریب رہنے والے عوان چوہدری کے ذریعے تحریک انصاف کے ناراض ارکان سے رابطے کر رہے ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 2018 ء کے انتخابات میں جہانگیر ترین نے من پسند امیدواروں کو ٹکٹ دلوایا تھا ۔ادھر بلوچستان میں تحریک انصاف منظر عام سے غائب ہو چکی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے رواں سیشن میں پی ٹی آئی کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے 7 اراکین ہیں۔

مرکزی قیادت سے ناراضگی کے باعث پہلے ہی پی ٹی آئی دو دھڑوں میں تقسیم تھی ۔ 9 مئی کی مرکزی کال پر بھی بلوچستان سے پی ٹی آئی کا کوئی ایم پی اے احتجاج میں شریک نہیں ہوا تھا۔ پی ٹی آئی کے بیشتر اراکین کوئٹہ میں موجود نہیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر اراکین نے اپنے موبائل فون بند کر رکھے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی بابرموسیٰ خیل بھی منظر عام سے غائب ہیں۔ مرکزی قیادت کی جانب سے بلوچستان میں پی ٹی آئی کو صوبائی کابینہ چھوڑنے کے احکامات بھی دیئے گئے تھے۔ تاہم قیادت کے احکامات کے باوجود پی ٹی آئی اراکین نے صوبائی کابینہ سے علیحدگی اختیار نہیں کی۔

پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس کو چھوڑ جانا ہےجائے۔ جس دن عمران خان پی ٹی آئی چھوڑ گیا ، اس دن پریشان ہونا اور یہ ہوگا نہیں۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ جب تک جو جاتا ہے اُسے عزت اور پیار سے گیٹ تک چھوڑ کر آئیں۔ پارٹی چھوڑنے والوں پر خوش ہونا چاہیے کیونکہ یہ نکلیں گےتو جوانوں کو موقع ملےگا، گند صاف ہورہاہے شکر ادا کرو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے