بلوچستان وسائل اورجیواسٹریجیک پوزیشن کی وجہ سے گلوب میں ایک اہم مقام رکھتا ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان وسائل اور جیواسٹریجیک پوزیشن کی وجہ سے گلوب میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔اور یہ صوبہ پاکستان کی مستقبل کی تعمیر و ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرنے جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک BTTN کے زیر اہتمام پاکستان کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی ترقی میں رکاوٹیں اور آگے کا راستہ کے عنوان سے سی پیک سینٹر بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کوئٹہ میں ایک سیمینار میں کیا۔گورنر بلوچستان ملک ولی خان کاکڑ نے کہاکہ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کو فکری رہنمائی فراہم کریں اور لوگوں کو درست سمت میں اپنی منزل کی جانب گامزن رکھیں اور جب تک ہم قومی اور صوبائی سطح پر تشکیل دینے والی تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز مفاد عامہ کو نہ بنائیں اْس وقت تک ہم معاشی بدحالی اور سماجی پسماندگی کے خاتمہ نہیں کر سکتے ملک اور صوبے میں اچھی طرز حکمرانی دراصل عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کے ساتھ مشروط ہیں چیک اینڈ بیلنس کے میکنزم کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا۔ اس موقع پر سابق سفرا، بیوروکریٹ اور ماہرین نے پاکستان کو درپیش سیاسی،معاشی، اور سیاسی معاملات پر روشنی ڈالی اور ان رکاوٹوں کی وجوہات اورحل کے بارے میں اپنے ٹیکنیکل تجاویز پیش کیں۔