پی ٹی آئی کا رویہ شروع دن سے ہی منفی رہا ہے،چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کوسبوتا ژ کرنے میں پی ٹی آئی اوراسکی قیادت کا ہاتھ ہے اتحادی جماعتوں نے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات شروع کئے تھے۔ چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اوراسکی اتحادی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ چاروں صوبوں اورقومی اسمبلی کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ایک ساتھ ہوں لیکن فتنہ عمران خان اوراسکی جماعت الگ الگ انتخابات کرانے پر بضد ہیں۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت میں پاکستان مسلم لیگ(ن)، پیپلز پارٹی اوردیگراتحادی جماعتوں نے عام انتخابات ایک ساتھ کرانے کیلئے اتفاق رائے پیداکرنے کیلئے پی ٹی آئی کے قائدین کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کئے لیکن پی ٹی آئی کا رویہ شروع دن سے ہی منفی رہا ہے اور وہ مذاکرات کوسبوتاژ کرناچاہتے تھے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں نے ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے اپنی سیاست کو دباؤ پرلگاکر سخت فیصلے کئے جس کی بدولت ملک کی معیشت بہتر ہوناشروع ہوئی لیکن ملک دشمن ایجنڈے پرکاربند عمران نیازی اورانکی ٹیم نہیں چاہتی کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہواور ملک میں امن آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وقت سے پہلے عام انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا چاروں صوبوں میں ایک ساتھ انتخابات ہونے چاہئے جس کیلئے تمام جماعتیں متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے کارکن پارٹی کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمدنوازشریف، وزیراعظم و پارٹی کے مرکزی صدرمیاں شہباز شریف اور مریم نواز کے پیغام کوبلوچستان کے کونے کونے تک پہنچائیں اورآنے والے عام انتخابات کی تیاریاں ابھی سے شروع کریں انشاء اللہ آنے والا وقت مسلم لیگ(ن) کا ہی ہے۔