آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات اور روابط کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاؤکنز

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات اور روابط کی پالیسی پر عمل پیرا ہے آسٹریلیا پاکستان اور بلوچستان میں تعلیم،لائیوسٹاک،زراعت،آبی وسائل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں۔پاکستانی قوم اور آسٹریلوی قوم کے درمیان بہت سے مشترک پہلوں ہیں جن میں سے کرکٹ سرفہرست ہے بلوچستان پاکستان اور خطے کے امن اور معیشت کے لئے انتہائی اہم ہے یہاں کے نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر کے حیران کن نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاؤکنز نے بیوٹمز کے دورے پر طلبا اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمزمیں تعلیمی سہولیات بہترین ہیں جس سے استفادہ حاصل کر کے طلباء علم کے زیور سے آراستہ ہورہے ہیں دورہ بیوٹمز کے موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر کی سربراہی میں وفد نے بیوٹمز میں قائم پاک چین اقتصادی راہداری سنٹر آف ایکسیلینس نیشنل انکیوبیشن سینٹر سمیت بیوٹمز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جبکہ قائم مقام وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر عبدالرحمن خان نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو بیوٹمز کی تعلیمی تحقیقی اور انتظامی امور پر جامعہ بریفنگ دی۔ طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر نے طلباء کو آسٹریلوی جامعات میں تعلیمی وظائف پر معلومات فراہم کی اور انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کے طلبا ء ہماری جامعات کے وظائف سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے عام لوگوں کی بہتری اور بہبود انتہائی لازم ہے،مسائل بحث و مباحثہ، گفت و شنید اور بات چیت کے ذریعے ہی بہترین حل تک پہنچتے ہیں مہذب معاشرے بات چیت اور بحث سمیت مختلف آرا ء کو اہمیت دیتے ہیں۔قائم مقام وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر عبدالرحمن خان نے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاؤکنز کا بیوٹمزآمد پر شکریہ ادا کیا اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے