مریم نواز کے الزامات ، بشریٰ بی بی کا کریمنل نوٹس بھیجنے کا فیصلہ
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مریم نواز کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ان کو کریمنل نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے یہ بات پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے نیوز کانفرنس میں بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی چیک پر دستخط کروانے کے پیسے لیتی تھیں۔ بشریٰ بی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ مریم نواز کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نیب ترمیم وہ طوطا ہے جس میں شریف خاندان کی جان ہے۔ چیف جسٹس اور دوججز کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو نیب کا کیس سن رہے ہیں۔ میں مذکورہ ججز کو کہتا ہوں کہ پورا پاکستان ان کے پیچھے کھڑا ہے، اس 96 بارز سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہیں ، ججز اب کسی بلیک میلنگ میں نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور دو ججز کو بالخصوص ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، کل مریم نواز نے سپریم کورٹ کے معزز ججز کو ٹارگٹ کیا۔ پاکستان میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، این آر او کو بچانے کیلئے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی انٹرل سیاست مذاکرات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ میاں جاوید لطیف، احسن اقبال وغیرہ اسحاق ڈار کے مذاکرات کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی گئی تو مارچ ہوسکتا ہے۔ آج مذاکرات کا آخری روز ہے، آپ انتخابات کو 14 مئی سے آگے نہیں لے کر جاسکتے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایک طرف کہا گیا کہ زہر کھانے کو پیسے نہیں ، دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کا 6 کروڑ روپے مالیت کا نیا گھر بنایا جا رہا ہے۔ کل پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرے گی ۔ استدعا ہوگی کہ انہیں عہدے سے برطرف کیا جائے۔