سینیٹ الیکشن 3مارچ کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا
اسلام آباد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کے انتخابات کے لیئے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔۔انتخابی پروگرام کے مطابق امیدواران کاغذات نامزدگی 12اور 13فروری 2021کوریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ریٹرننگ افسران تعینات کر دئیے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں ظفر اقبال حسین، سپیشل سیکرٹری، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ، اسلام آباد،صوبہ پنجاب میں غلام اسرار خان، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور، آفس 10کورٹ سٹریٹ، لاہور،صوبہ سندھ میں اعجاز انور چوہان، صوبائی الیکشن کمشنرسندھ کراچی، آفس بلاک نمبر44-A،شاہراہ عراق صدر کراچی،صوبہ خیبرپختونخواہ میں شریف اللہ، صوبائی الیکشن کمشنرخیبرپختونخواہ،پشاور، آفس پشاور گالف کلب،گیٹ نمبر2 شامی روڈ پشاور کینٹ۔صوبہ بلوچستان میں محمد رازق، صوبائی الیکشن کمشنربلوچستان، کوئٹہ، آفس برگنزہ ویلاز، سٹریٹ نمبر1نزد زرگون روڈ، کوئٹہ تعینات کئے گئے ہیں۔نامزد امیدواروں کی فہرست 14فروری 2021کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15تا 16 فروری2021ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی۔جانچ پڑتا ل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران کی جانب سے درست قرار دیئے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مستردکئے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 18 فروری2021 مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 20 فروری 2021 مقرر ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21فروری کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری 2021مقرر ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری 2021کو آویزاں کی جائیں گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد کوئی بھی امیدوار 2مارچ2021دن بارہ بجے تک مقابلے سے دستبردار ہو سکے گا۔ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ 2021کو ہو گی۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو ایک بار پھر یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ اپنے نامزدامیدواروں کو باضابطہ پارٹی سر ٹیفکیٹ جاری کر دیں تا کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ مطلوبہ سر ٹیفکیٹ امیدواروں کی جانب سے منسلک کیا جا سکے۔