پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سب سے بڑے سوداگر ہیں: عمران خان
راولپنڈی:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سب سے بڑے سوداگر ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اراکین ہمارے ساتھ ہیں اور ویسے بھی حکومت کے دوران کوئی چھوڑ کر نہیں جاتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ویڈیو گزشتہ روز پہلی بار دیکھی اب یہاں ویڈیو کی ٹائمنگ پر نہیں بلکہ ووٹ بکنے پر سوال ہونا چاہیے۔ سینیٹ الیکشن کے لیے بلوچستان میں 50 سے 70 کروڑ روپے کی بولی لگ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں لین دین کا سلسلہ آج سے نہیں بلکہ 30 سال سے چلا رہا ہے مجھے بھی سینیٹ انتخابات میں پیسوں کی آفر ہوئی تھی۔ گزشتہ حکومتوں نے اس خریدوفروخت کو ختم کرنے کی کوشش ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوری بچانے کے لیے پی ڈی ایم میں جو یونین بنی ہوئی ہے ان سے سوال پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے ایسے معاملات کو روکنے کی کیوں کوشش نہیں کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ویڈیو میرے پاس پہلے ہوتی تو کیسز میں عدالت میں پیش کرتا۔ حزب اختلاف نے اوپن بیلٹ پر میری بات نہ مانی تو روئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب روپیہ گرتا ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے کیونکہ ہمارے ملک میں ہر چیز ہی باہر سے آ رہی ہے۔ بیرون ملک ہونے والی مہنگائی کے اثرات بھی پاکستان پر پڑتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مصروفیات کے باعث میچ نہیں دیکھا تاہم میں کرکٹ ٹیم کو جیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ کرکٹ کا اسٹرکچر ٹھیک کر رہے ہیں۔