کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکورٹی پلان کو ازسر نو ترتیب دے رہے ہیں ، غلام اظفر مہیسر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکورٹی پلان کو ازسر نو ترتیب دے رہے ہیں،سیکورٹی اداروں کے ساتھ ملکر تخریب کاروں اور ان کے سہولت کاروں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے یوم علی کے جلوس کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد شہر میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، شہر کے تجارتی مراکز پر سادہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس ہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں،عید کے حوالے سے علیحدہ سیکورٹی بنایا جائے گا۔ڈی آئی جی پولیس نے بتایا کہ یوم علی کے جلوس کو فول پروف سیکورٹی دی جارہی ہے 1500 اہلکار جلوس کے راستوں پر تعینات کئے گئے ہیں، دو کنٹرول رومز سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی بڑھائی گئی ہے، شہر کے 40 مقامات پر چیکنگ کیلئے سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں۔