بلوچستان کے ایک لاکھ مستحق افراد کو رمضان راشن پیکج کی ترسیل کا کام جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ایک لاکھ مستحق افراد کو رمضان راشن پیکج کی ترسیل کا کام جاری ہے، راشن پیکج کے پہلے فیز میں 36اضلاع میں پانچ پانچ سو راشن پیکٹ پہنچائے جارہے ہیں رمضان راشن پیکج کی ترسیل پانچ فیز میں مکمل کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایت پر ایک ارب 73کروڑ روپے کی لاگت سے بلوچستان کے 36اضلاع میں ایک لاکھ مستحق افراد کو رمضان راشن پیکج دیا جائے گا،ایک راشن پیکج میں کم وبیش ستر ہزار روپے کا سامان ہوگا،جواس خاندان کی ایک ماہ کی ضروریات کیلئے کافی ہوگا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے کے ہر ضلع کو ڈھائی ڈھائی ہزار رمضان پیکٹ دئیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں منگل کی رات تک صوبے کے تمام اضلاع میں پانچ پانچ سو پیکٹ راشن پہنچ جائے گا ڈھائی ہزاررمضان راشن پیکج کی ترسیل پانچ فیز میں مکمل کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر نے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں مستحق افراد کی لسٹیں تیار کرلی گئی۔رمضان راشن پیکج کی تقسیم لسٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کریں گے۔