کراچی،نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی خطرے میں پڑگئی
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) کراچی کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی خطرے میں پڑگئی۔ذرائع کے مطابق کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی ٹرانسمیشن لائن سے سامان چوری ہونے لگا، چوروں نے نیشنل ٹرانسمیشن لائن کے ٹاورز سے بریسٹ پلیٹیں اتار لیں۔تاہم نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی ٹیم نے ایک چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، ملزم کی گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی 26 بریسٹ پلیٹیں برآمد ہوئی ہیں۔این ٹی ڈی سی کے عملے نے چور کو گاڑی سمیت گڈاپ پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے نقصان کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
پولیس کے مطابق ایس ڈی او،این ٹی ڈی سی کی مدعیت میں مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ لائن سپر نٹنڈنٹ ایاز جمیل اور لائن مین ابراہیم کے ساتھ گشت پر تھا،ٹاور 123-124 کے قریب ایک گاڑی مشکوک حالت میں کھڑی ملی، گاڑی کا ڈرائیور ہمیں دیکھ کر فرار ہوگیا۔مقدمے کے متن کے مطابق گاڑی میں موجود شخص نے اپنا نام عرفان عرف کا کو قریشی بتایا، گاڑی میں ٹاورز سے اتاری گئیں 26 بریسٹ پلیٹیں موجود تھیں۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹاور نمبر 120 سے 160 کے درمیان تخریب کاری کر کے ٹاورز کو نقصان پہنچایا گیا تھا، ٹاورز سے اتارے گئے سامان سے اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔