پولیس عوام دشمنی پر مبنی اقدامات سے گریز کرے،مجید خان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پولیس عوام دشمنی پر مبنی اقدامات سے گریز کرے، شہریوں کو بلا جواز تنگ کرنے، گاڑیوں کو روکنے کاغذات کی طلبی، تھانے لیجاکر معزز شہریوں کے تضحیک وتذلیل کا کوئی اختیار پولیس اور ٹریفک پولیس کو حاصل نہیں، ایگل سکواڈ فورس بھی عوام کو گلی محلوں، چوراہوں پر ڈبل سواری کے نام پر تنگ کررہی ہیں اور ان سے رشوت لینے، تشدد کرنے جیسے دیگر عوام دشمن اقدام کے مرتکب ہورہی ہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ذاکر حسین کاسی،منان خان بڑیچ، ملک عمر کاکڑ، نظام عسکر، سردار ادریس بڑیچ، حضرت عمر اچکزئی اور گل خلجی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اپنے اصل فرائض کے انجام دہی کی بجائے عام عوام، شریف معزز شہریوں، طلباء کو تنگ کرنے،ان کی تضحیک وتذلیل کرنے کے عوام دشمن اقدام کے مرتکب ہورہی ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر اس وقت منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر وگروہوں کے اڈوں میں تبدیل ہوتا جارہا ہے، ہر عام وخاص شاہراہ پر شہری خود کوغیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، دن دہاڑے گن پوائنٹ پرچوری، ڈکیتی، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کے چھینے، چوری ہونے کے واقعات، فلور ملز، دکانوں، کمپنیوں، دفاتر، گھروں میں ڈکیتیوں کی سینکڑوں وارداتیں ہورہی ہیں لیکن پولیس ان جرائم پیشہ، مسلح گروہوں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں کے خلاف ہر قسم کی کارروائی سے گریزاں ہیں۔ اسی طرح ہر علاقے اور بعض تعلیمی اداروں میں بھی منشیات فروشوں کے ٹھکانے موجود ہیں جہاں طلباء کو اس ناسور کا عادی بناکر انہیں اپنی مذموم مقاصدکیلئے استعمال کیا جارہا ہے،اور گلی محلے کی سطح پر بھی منشیات فروشوں کے محفوظ ٹھکانے بناکر سرعام منشیات فروشی جاری رکھی ہے جس کے منفی اثرات ہر علاقے اور اس کے عوام پر پڑرہے، اہل علاقہ اور پارٹی کے مقامی رہنماؤں کارکنوں کی آواز بلند کرنے، احتجاج کرنے پر متعلقہ پولیس تھانہ کارروائی کرتی ہے لیکن یہ منشیات فروش دوبارہ جلد ہی اپنے ٹھکانوں پر دوبارہ آکر اسے فعال کردیتے ہیں اور اہل علاقہ کو دھونس ودھمکیاں دیتے ہیں اصل میں پولیس عوام کی نہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر اور ان کے اڈوں کمین گاہوں کی محافظ ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس کوئٹہ شہر کے تمام پولیس تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر عملے کو سختی سے پابند کریں وہ شہریوں کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہر علاقے سے ان جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں،چوروں، ڈاکوؤں ان کے اڈوں،کمین گاہوں کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ کریں۔دیگر صورتحال میں پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ مخصوص پولیس آفیسران، اہلکاروں اور سماج دشمن عناصر کے گھٹ جوڑ کیخلاف احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے