پاکستان پیپلز پارٹی آزاد صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے ، میر چنگیز خان جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک اور عوام کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں آج پاکستان میں جو جمہوریت ہے وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سینکڑوں جیالوں کی قربانی کی مرہون منت ہے،پاکستان پیپلز پارٹی آزاد صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند کو مبارکباد دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر نومنتخب فنانس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرسلیم شاہد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے قیام سے لیکر آج تک عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت کی ہے اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت سینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے لیکن کبھی بھی اپنے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کے بعدا یک سازش کے تحت ملک پر عمران نیازی کو مسلط کیا گیا ہے جس نے ملک کی معیشت سمیت تمام اداروں کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیااب ایک مرتبہ پھر انہیں عوام پر زبردستی مسلط کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جسے پاکستان کے عوام کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نہ تو پارلیمنٹ اور نہ ہی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے وہ سلیکٹرز کے ذریعے دوبارہ اقتدار حاصل کرناچاہتے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور پارلیمنٹ کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں نے نومنتخب عہدیداران پر جس اعتماد کا اظہارکیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اورصحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ہم کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے