حکومت نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ، خلیل جارج

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ کھلاڑی نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی بلوچستان کا نام روشن کرسکتے ہیں، صوبائی حکومت نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کوکوئٹہ پریس کلب میں مدرٹریسا میموریل سوشل سوسائٹی کے زیراہتمام اقلیت سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ خلیل جارج نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے 34ویں نیشنل گیمز کا بلوچستان میں انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کوئی نہیں ہے کھلاڑیوں کو اگر کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ بلوچستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مدرٹریسا میموریل سوشل سوسائٹی کے زیراہتمام اقلیت سے تعلق رکھنے والی ٹیموں میں کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جارہا ہے کیونکہ کھلاڑی غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے کی وجہ سے سامان نہیں خرید سکتے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بھی چاہئے کہ وہ منفی سرگرمیوں سے دور رہیں اور کھیلوں کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں کیونکہ کھیلوں کے ذریعے ہی نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10اپریل سے کوئٹہ میں قائد کا پاکستان ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بلوچستان بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوانے کے مواقع میسر آئیں گے۔اس موقع پر خلیل جارج نے کھلاڑیوں میں کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے