پنجاب کے انتخابات کرانےکا سپریم کورٹ کا حکم، الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس آج طلب

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پنجاب کے انتخابات 14 مئی کو کرانےکے سپریم کورٹ کے حکم کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔چیف الیکشن کمشنر سپریم کورٹ کے حکم کے حوالے سے لائحہ عمل بنانےکے لیے مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر دائرہ اختیار سے تجاوزکیا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے وکیل اور سینئر قانون دان عرفان قادر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پنجاب میں الیکشن کا امکان رد کردیا۔ عرفان قادر نے کہا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ تین رکنی بینچ کے فیصلے کے مطابق 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن ہوجائے، الیکشن کمیشن اس فیصلے کا پابند نہیں ہے، یہ فیصلہ آئین کے خلاف ہے ۔سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ یہ نہ آئین میں ہے نہ قانون میں کہ سپریم کورٹ الیکشن کی تاریخ دے، اس فیصلے کو کابینہ ہی نہیں ایک عام شہری بھی مسترد کرسکتا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایوان میں آواز بلند کرے گی، اتحادی جماعتیں ایوان میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کریں گی، سپریم کورٹ کےفیصلہ پر ایوان میں حکومت اپنا مؤقف پیش کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے