شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری نظام کیلئے جدوجہد کی ہے،چنگیز خان جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے شہید ذوالفقارعی بھٹو کو انکی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سیاسی شعور دے کر سیاست کو بڑے لوگوں کے ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی محلوں تک پہنچانا اور عام آدمی کو ووٹ کا حق دے کر حکومت سازی و ملکی امور میں ہر شہری کو کردار دینا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کارنامے تھے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری نظام اور روایات کیلئے جدوجہد کی، پیپلزپارٹی کے قیام کا مقصد عوامی خدمت کرنا تھا اور شہید بھٹو کے اس مقصدکو لیکر پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں،دانش اور بصیر ت والے لیڈر شہید بھٹو نے ہمیشہ غریبوں کے حق اوران کے مسائل کی بات کی، پیپلز پارٹی کا ہر جیالہ عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے پیپلز پارٹی اپنے قائد کے نقش قدم پر چل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا فلسفہ انسانیت کی خدمت ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کے لیئے دن را ت محنت کی،پیپلز پارٹی بھٹو کے فلسفے اور سوچ کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سوچ اور انداز سیاست کے مطابق پاکستانی قوم کے مسائل کو حل کرنے اور ملک کو جمہوریت کی پٹری پر چڑھانے کے لیئے کوشاں ہیں، آج بلاول بھٹو کی جامع حکمت عملی اور مضبوط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کے بیرون ممالک سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی اس سلسلے میں صوبائی سطح پر پروگرام صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے بعد نماز عصر قرآن خوانی ہوگی جبکہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی برسی کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔