اسٹبلشمنٹ وفوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں، حافظ حمد اللہ
کوئٹہ :جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء وسینیٹر اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ اداروں کو سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے اسٹبلشمنٹ اور فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں، ہم اپنی سیکورٹی اداروں کو مضبوط دیکھناچاہتے ہیں ہم آئین پارلیمنٹ اور جمہوریت کی آزادی چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمن کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی ایم تحریک سے خوفزدہ ہے، 26مارچ کا لانگ مارچ عوامی سمندر ہوگا جس میں حکومت اور انکے پشتیبان خش و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے ہم نے حکومت کو عزت سے جانے کا ٹائم دیا مگر انہیں عزت سے جانے کا شوق نہیں انہیں بھگا کر دم لیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں حکمرانوں کو این آر او کی ضرورت ہے ہمارے اکابر نے پاکدامن سیاست کی ہے حکومتی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن یا پی ٹی ایم کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی پی ٹی ایم کی تمام جماعتیں ایک منظم پلان کے تحت مرحلہ وار تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں ہمارا مقصد قابض حکومت سے ملک و قوم کو نجات دلانا ہے جس پر اپوزیشن کی تمام جماعتیں متفق ہیں۔