مقدس رمضان المبارک میں شہریوں کیلئے رمضان سستا بازار عوام کوسستی اشیا کی فراہمی کا ذریعہ ہیں، ڈاکٹر یاسر خان بازئی

پشین(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا ہے کہ مقدس رمضان المبارک میں شہریوں کیلئے رمضان سستا بازار عوام کوسستی اشیا کی فراہمی کا ذریعہ ہیں، اشیاء خوردنوش کے معیار کو مزید بہتر بناتے ہوئے عوام کو ہر ممکن سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انجمن تاجران پشین کے تعاون سے قائم کردہ سستا رمضان بازار کا افتتاح اور سستا بازار میں صارفین کیلئے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حفیظ اللہ سوری،اسسٹنٹ کمشنر پشین بہادرخان، جمعیت علماء اسلام پشین کے ضلعی امیر مولانا عزیزاللہ حنفی، انجمن تاجران پشین کے صدر ملک بہادرخان ملیزئی، جنرل سیکرٹری سید عبدالباری غرشین، پریس سیکرٹری فضل محمد کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان سستا بازار کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے وہاں پر اشیاء خوردنوش کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں جانچ پڑتال کی۔اسکے علاوہ صارفین سے ملتے ہوئے ان سے شکایات و رائے طلب کی۔ ڈپٹی پشین نے کہا کہ رمضان سستا بازار کے قیام سے اشیا خوردنوش سمیت سبزی و فروٹ و دیگر عوامی ضرورت کی درکار اشیاء بازار سے بارعایت قیمت میں ملے گی جس سے عوام کو خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے خریداری کے لئے آنیوالے افراد سے بھی فراہم کی جانیوالی سہولیات اور قیمتوں کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازار میں تمام اشیائے خورد و نوش وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیے، ڈبوں میں پیک دودھ، بوتلیں اور دیگر اشیا ء برانڈڈ ہو اور ان پر ایکسپائری کی تاریخ بھی درج ہو، نیز فئیر پرائس شاپس سمیت تمام سٹالز پر اعلی کوالٹی کی سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے فروخت کے لئے رکھے گئے آٹے کے تھیلو ں کا وزن چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں انتظامیہ کو مطلع کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے