رمضان المبارک کے مہینے میں گیس کی بندش اور کم پریشر ظالمانہ اورغیرانسانی عمل ہے۔ سردار کمال خان بنگلزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر اور اقوام بنگلزئی کے سربراہ سابق ایم این اے سردار کمال خان بنگلزئی نے مستونگ سمیت بلوچستان میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گیس کی بندش اور کم پریشر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہماری مائیں اور بہنیں روزہ کے سحری اور افطار کی تیاری میں جس کرب و اذیت سے گزرتی ہیں وہ ناقابلِ برداشت ہے۔بلوچستان جو خود دوسرے صوبوں کو گیس سپلائی کرتا ہے اس کے اپنے باسی محکمے کی نا اہلی کی وجہ سے اس سے محروم ہیں۔ جبکہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان کی ضرورت بھی کم ہے مگر اس کو بھی پورا نہ کر کے محکمہ بلوچستان سے سوتیلا سلوک کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر جلد گیس پریشر کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو وہ نیشنل پارٹی سمیت آل پارٹیز کے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاج کریں گے۔