یوم یکجہتی کشمیر : وزیر اعظم عمران خان کوٹلی جبکہ پی ڈی ایم آج مظفر آباد میں پاور شو کرے گی
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں جلسہ کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کوٹلی کے جہاز گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج مظفر آباد میں پاور شو کرے گی، مظفرآباد کے یونیورسٹی گراونڈ میں پنڈال سج گیا ہے اور کرسیاں لگ گئی ہیں۔
پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے اسٹیج کو مرکزی رہنماوں کی تصاویر اور پھولوں سے سجا یا گیا۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی جبروستم سہنے والے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کے شرکا نے کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے۔
ریلیوں میں سارا پاکستان یک زبان، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے اور عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی۔