عمران خان کو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام بہادر کرتے ہیں، نواز شریف
لندن (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو وقار کے ساتھ گرفتاری دے دینی چاہیے تھی؟ اس پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وقار کا مطلب بھی نہیں پتہ کیا ہے، وقار عمران خان کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔
خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔