گیس بلز میں اضافے چارجز توہین عدالت ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، شیخ مولانا احمد جان نے مدرسہ عربیہ تحسین القرآن اچکزئی روڈ پشتون باغ کے جلسہ دستار بندی جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ نے جمعیت علماء اسلام مسلم اتحاد کالونی یونٹ کی مجلسِ عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس بلز میں اضافے چارجز توہین عدالت ہے، اندھا دھن جرمانے اور چارجز کا نوٹس لیاجائے۔ مردم وخانہ شماری ٹیموں نے ابھی تک بہت سے علاقوں تک رسائی حاصل نہیں کی بعض کو خالی فارم دے کر جان چھڑانے کی کوشش کی ہے، اس سلسلے میں شہری علاقوں کے مکینوں نے ثبوت کے ساتھ شکایت نوٹ کرائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی کوئٹہ عوام کا خون نچوڑ رہی ہے، اور بار بار توہین عدالت کی مرتکب ہورہی ہے، اب عوام بغاوت پر مجبور ہوچکے ہیں، مہنگائی کے مارے ہوئے عوام سے اربوں روپے بٹورنے والی کمپنی ایک طرف پریشر تک ٹھیک نہیں کرتی دوسری جانب اضافی چارجز لگاکر عوام کے ساتھ بدترین ظلم کررہے ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی کے اس ناروا عمل کے خلاف عدالت عالیہ کو سخت نوٹس لینا چاہئے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ خانہ ومردم شماری کی بعض ٹیموں کی جانب سے خانہ پوری اور سستی سے کام لینے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، شہر کے اکثر علاقوں میں خانہ شماری کاعمل سست روی کا شکار ہے، ادارہ شماریات حکام کی جانب سے نگرانی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ اجلاسوں سے حافظ مسعود احمد حاجی ولی محمدبڑیچ حافظ رحمان گل مفتی نیک محمد فاروقی حاجی صالح محمد اللہ دوست بڑیچ ایڈووکیٹ حاجی وزیر محمد بڑیچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔