صوبے میں گردوں کے امراض پر قابو پانے کے لئے عوام میں آگاہی کی فراہمی از حد ضروری ہے ، صالح محمد ناصر

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر نے کہا ہے کہ صوبے میں گردوں کے امراض پر قابو پانے کے لئے عوام میں آگاہی کی فراہمی از حد ضروری ہے بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کوئٹہ (بینق) نے پچاس گردوں کے مریضوں کا کامیاب اور مفت پیوندکاری کا کارنامہ اس غریب صوبے کے عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کوئٹہ (بینق) کے زیر اہتمام عالمی یوم گردوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا اس موقع پر سیکریٹری قانون عبد الصبور کاکڑ، سیکریٹری سوشل ویلفیئر ں عبداللہ خان، سی ای او بینق عبدالکریم زرکون، ڈاکٹر حقداد ترین، ہمایوں ترین بینق کے طبی عملہ طلباء اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صوبائی سیکریٹری صحت نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی منتشر آبادی کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ گردوں کے امراض کے عوارض کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اور آگاہی کو عام کرنے کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بینق کے سی ای او اور طبی عملہ کو 50 مفت اور کامیاب پیوند کاری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بینق کی سی ای او عبدالکریم زرکون کی جانب سے تجویز کردہ منصوبوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ عبد الصالح ناصر نے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینق میں رپورٹ شدہ مریضوں کی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ صوبے میں گردوں کے امراض کی سب سے بڑی وجہ پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ہے۔ تقریب سے خطاب میں بینق کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر عبدالکریم زرکون نے بینق کی کارکردگی، جاری منصوبوں پر پیش رفت، بینق کو درپیش چیلنجوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ تقریب سے سیکریٹری قانون عبد الصبور کاکڑ، سیکریٹری سوشل ویلفیئر عبداللہ خان اور ڈاکٹر حقداد ترین نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کویٹہ (بینق) کے زیر اہتمام عالمی یوم گردوں کے حوالیسے شعور و آگہی کو اجاگر کرنے کیلئے انسٹیٹیوٹ کے احاطے میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر نے کی۔آخر میں بینق کی جانب سے گردے عطیہ کرنے والوں، طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طبی عملے کو ایوارڈز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے