حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میں پانی کی کمی کے مسئلے کے حل کے لئے تین اہم ڈیموں کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) حکومت بلو چستان نے کوئٹہ میں پانی کی کمی کے سنگین مسئلے کے حل کے لئے تین اہم ڈیموں کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی۔ منگل کو محکمہ پی ایچ ای نے بابر کچھ ڈیم،برج عزیز خان ڈیم اور ہلک ڈیم کی فیزیبلیٹی رپورٹ اور پی سی 1 بنا لیا۔صوبائی حکومت نے ان ڈیموں کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بابر کچھ ڈیم کا تخمینہ لاگت 73 ارب روپے،برج عزیز خان ڈیم کا تخمینہ لاگت 48 ارب روپے اور ہلک ڈیم کا تخمینہ لاگت 22ارب روپے ہے۔وفاقی حکومت سے ان منصوبوں کو وفاقی پی ایس ڈی پی 2023-24میں شامل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو لکھے مراسلے میں 73 ارب روپے کی لاگت کے بابر کچھ ڈیم کا منصوبہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ وزیراعلی نے مر اسلے میں لکھا کہ کوئٹہ کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بابر کچھ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے،صوبائی حکومت نے بابر کچھ ڈیم کے علاوہ برج عزیز خان ڈیم اور ہلک ڈیم منصوبوں کی فیزیبیلٹی بھی تیار کی ہے۔ انہوں نے مراسکے میں لکھا کہ ڈیموں کی تعمیر سے پانی کی ضروریات پورا کرنے کے علاوہ سیلابی پانی کے ضیاع اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی بچنا ممکن ہو گا،وفاقی حکومت بابر کچھ ڈیم کے علاوہ برج عزیز خان ڈیم اور ہلک ڈیم کی تعمیر میں معاونت کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے