کوئٹہ کے عوام کو گرانفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، ڈاکٹرقاسم بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان غریبوں کی پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قاسم بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرکے اس میں اہل اور ایماندار افسروں کو تعینات کرے ذخیرہ اندوزوں اور خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں نے غریب عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔اپنے اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ دودھ فروشوں نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے پورے شہر میں کھلے عام دودھ 200روپے لیٹر اور دہی 220روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے لیکن یکمشت 50 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد بھی ڈپٹی کمشنراوراسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی صفر نظر آرہی ہے اور غریب عوام کو مہنگائی کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرانفروش کھلے عام کہتے ہیں کہ جنہوں نے ہمارے خلاف کارروائی کرنی تھی ان کا منہ پہلے ہی بند کردیا گیا ہے جبکہ خودساختہ مہنگائی پر حکومتی ذمہ داران کی خاموشی معنی خیز ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں خالص دودھ نایاب ہوچکا ہے اور الیکٹرک گائے کا دودھ سپلائی کی جارہی ہے جو انسانی صحت بالخصوص بچوں کی نشونماء کیلئے انتہائی مضر ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی دودھ کوئٹہ شہر میں سرعام فروخت کیا جارہا ہے اسی طرح جعلی مشروبات، کوکنگ آئل، گھی، کنفیکشنری اور غیرمعیاری بیکری آئٹم سمیت تمام غیرمعیاری خوردنی اشیاء کے خلاف بھی فورڈ اتھارٹی کی کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے غریب عوام ذخیرہ اندوزوں، گرانفروشوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے پہلے گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے آٹے کی قیمت کو بڑھایا گیا لیکن اب صوبے میں وافر مقدار میں گندم کی موجودگی کے باوجود عوام سستے آٹے سے محروم ہے جبکہ حکومت کی طرف سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر فراہم کیا جانے والا آٹا ضرورت سے کم ہے اوررہی سہی کسر یوٹیلٹی اسٹورز پر موجود اسٹاف پوری کررہا ہے۔انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور فوڈ اتھارٹی میں نااہل افسران کے بجائے محنتی اور ایماندار افسران تعینات کرے اور گرانفروشوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف رمضان المبارک کے مقدس مہینے سے قبل مضبوط کریک ڈاون کرکے آئین کے مطابق غریب عوام کو جینے کا حق فراہم کیا جائے۔