فرح گوگی نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے پر ایف آئی اے کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) عمران خان کی اہلیہ کی سہیلی فرح شہزادی نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے پر ایف آئی اے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کردیا۔ایف آئی اے کی جانب سے فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، آج فرح شہزادی کی جانب سے ان کے وکیل اظہر صدیق نے ایف آئی اے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا۔
اس حوالے سے اظہر صدیق نے درخواست ایف آئی اے میں جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کا یہ اختیار ہی نہیں کہ وہ اس معاملے میں پڑے، اینٹی کرپشن پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کرچکا ہے اور مقدمہ درج ہونے کے بعد اس کا اخراج بھی ہو چکا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب انکوائری مکمل ہوگئی اور مقدمہ خارج ہوگیا تو ایف آئی اے کس اختیار کے تحت مقدمہ درج کرا رہا ہے؟
ایف آئی اے آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ ایف آئی اے سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کر رہی ہے، نیب اینٹی کرپشن پہلے ہی اس کیس کو ختم کر چکے ہیں اب اس کیس کی کوئی اہمیت نہیں، فرح گوگی کو صرف عمران خان کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرح شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل کے پاس کوئی عوامی عہدہ نہیں، ایف آئی اے ان کے خلاف درج کیا مقدمہ ختم کرے۔