اسد عمر سمیت 3 پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفیکیشن معطل

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجا خرم نواز کے استعفوں کی منظوری کا نوٹی فیکیشن معطل کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے تین اراکین اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کیخلاف آج بروز بدھ یکم مارچ کو درخواست پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، راجا خرم شہزاد اور علی نواز اعوان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر علی گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ پہلے آپ کہہ رہے تھے استعفیٰ منظور نہیں کیا جارہا اور اب آپ کہہ رہے کہ غلط منظور کیا، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپیکر اور الیکشن کمیشن نے معطلی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے صرف ان نوٹی فیکیشن کو چیلنج کیا ہوا ہے ؟ بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ ہم واپس اسمبلی جانا چاہتے، لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے ممبران کی استعفیٰ سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کر رکھا ہے، اسلام آباد کے تین ممبران کی حد تک ہم نے یہاں رجوع کیا، قومی اسمبلی کے ممبران سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں 2 درخواستیں بھی زیر سماعت ہیں۔دوران سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ عدالت عالیہ نے اسلام آباد میں ضمنی انتخابات کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا۔

اس موقع پر عدالت عالیہ نے فریقین کو نوٹسسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 27 جنوری 2023 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) کے اراکین کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا تھا جن میں اسلام آباد کے حلقے بھی شامل تھے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جن قومی اسمبلی حلقوں پر انتخابات کے لیے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے ان میں اسلام آباد کے حلقے این اے 52 اسلام آباد ون، این اے 53 اسلام آباد ٹو، این اے 54 اسلام آباد تھری شامل تھے جنہیں عدالت عالیہ نے اپنے حکم نامے میں معطل کردیا۔واضح رہے کہ 17 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔اسپیکر کی جانب سے جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے تھے ان میں 33 ارکان کے ساتھ ساتھ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین بھی شامل تھیں۔

جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں مراد سعید، عمر ایوب خان، اسد قیصر، پرویز خٹک، عمران خٹک، شہریار آفریدی، علی امین خان، نور الحق قادری، راجا خرم شہزاد نواز، علی نواز اعوان، اسد عمر، صداقت علی خان، غلام سرور خان، شیخ راشد شفیق، شیخ رشید احمد، منصور حیات خان، فواد احمد، ثنااللہ خان مستی خیل، محمد حماد اظہر، شفقت محمود خان، ملک محمد عامر ڈوگر، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمٰن، عالمگیر خان، علی حیدر زیدی، آفتاب حسین صادق، عطااللہ، آفتاب جہانگیر، محمد اسلم خان، نجیب ہارون اور محمد قاسم خان سوری شامل تھے۔

اس کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب عالیہ حمزہ ملک اور کنول شوزب کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے استعفے منظور کیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مذکورہ 35 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے تین روز بعد ہی 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کرلیے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے فوری طور پر انہیں ڈی نوٹیفائی بھی کردیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے 11 اپریل 2022 کو پارلیمنٹ میں اعتماد کے ووٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اپنے استعفے جمع کرائے تھے۔اسمبلی سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 11 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخاب سے چند منٹ قبل اسمبلی کے فلور پر کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے