اسلام آباد قائداعظم یونیورسٹی تصادم کا مقدمہ درج
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے درمیان تصادم کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے ہاسٹلز خالی کرانے کیلئے آپریشن بھی جاری ہے۔
قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے ساٹھ طلبہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمے میں لڑائی جھگڑے، کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یونی ورسٹی میں طالبات کو ہراساں بھی کیا گیا، جب کہ راستے بند کیے گئے۔ دیگر دفعات کو بھی مقدمے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تصادم کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں کا یونیورسٹی ہاسٹلز خالی کرانے کیلئے آپریشن بھی جاری ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے درمیان تصادم کے معاملہ پر وائس چانسلر نے رینجرز تعیناتی کیلئے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔خط میں کہا گیا تھا کہ یونیورسٹی میں امن و امان قائم ہونے تک رینجرز تعینات کی جائے، یونیورسٹی میں آؤٹ سائیڈرز اور شدت پسندوں کو نکالنا ہے۔