ضلع پشین بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہے ہیں، ڈاکٹریاسر خان بازئی

پشین(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹریاسر خان بازئی نے کہا ہے کہ ضلع پشین بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہے ہیں، کسی کو علاقے کا آمن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی کسی کو قانون سے بالاتر تصور نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی منشیات فروشوں کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے تمام مسائل کا حل عوام کی تعاون سے ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں آل پارٹیز، وکلاء اور انجمن تاجران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حفیظ اللہ کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شراف الدین ترین، میونسپل کارپوریشن پشین کے نومنتخب مئیر سرداراکبرخان ترین، پشین بار ایسوسی ایشن، آل پارٹیز اور انجمن تاجران کے نمائندے بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹریاسرخان بازئی نے کہا کہ مختلف علاقوں میں منشیات کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاون کیاجارہا ہے، معاشرے میں بگاڑ پیداکرنے والے قرار واقعی سزا کے مستحق ہے جن کی وجہ سے معاشرے کے باشعور افراد منشیات جیسی لعنت کے عادی ہوجاتے ہیں جو ملک اور قوم پر بوجھ بن جاتے ہیں اور نئی نسل بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ ڈًپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت وقت کی ذمہ داری ہے لہٰذا اس ضمن میں سیکورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ قبائلی عمائدین علماء کرام سیاسی اکابرین، وکلاء اور میڈیا نمائندوں سمیت تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے افراد کا بھی فرض بنتاہے کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کرکے ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ سیکورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ سماج دشمن عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جاسکے ڈاکٹر یاسرخان بازئی نے آل پارٹیز، انجمن تاجران، وکلاء اور علاقے کے قبائلی وسیاسی عمائدین اور عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ منشیات فروشوں سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کے حوالے انتظامیہ سے تعاون کریں، منشیات فروشوں کے اڈوں کی نشاندہی کریں نشاندہی کرنے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، انہوں نے مزید کہاکہ علاقے کے ذی شعور افراد کی مدد سے انتظامیہ بروقت کاروائی کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے