پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور ہر کارکن عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ، شہباز گل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ء شہباز گل اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہاہے کہ دلیری و بہادری سیکھنی ہے تو پنجابیوں کو بلوچستان سے سیکھنی چاہئے، سیاسی رہنماوں کو تکلیف دینے کے لئے کیسز دور دراز علاقوں میں رکھے جاتے ہیں حق و سچ کا ساتھ دینے پر عدلیہ کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن)کی جانب سے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی مذمت کرتے ہیں ہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور ہر کارکن عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو سینئر قیادت کے ہمراہ بلوچستان ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانیت اور مہمان نوازی بہت آگے ہے،تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر قاسم خان سوری کی قیادت میں تمام دیگر سینئر قیادت عہداداران اور کارکنان کا دل سے مشکور ہوں جنہوں نے والہانہ استقبال، مہمان نوازی اور سپورٹ کیا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں انکے خاندان کی پاکستان کے لئے قربانیاں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہوچکا موجودہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے ملک میں سیاسی افراتفری ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سیاسی استحکام اور ملک کی خاطر اپنی حکومتوں کی قربانی دی ہے آئینی راستہ اپنانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت کے مطلب اور خواہش پر نہ آنے والے نتیجہ پر مریم صفدر ججوں پر تنقید کر رہی ہیں مریم صفدر ججوں کی ویڈیوز تصاویر بنا کر تنقید کر رہی ہیں نواز شریف کنگ اور مریم شہزادی ہیں تو ڈکلیئر کیا جائے۔