بلوچستان میں بھٹہ مزدور شدید مسائل کا شکار ہیں ، سعید احمد سرپرہ

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے مختلف شہروں میں خشت بھٹہ پر کام کرنے و الے بھٹہ مزدوروں کیلئے کم سے کم اجرت کا تعین کرنے کیلئے سہہ فریقی صو بائی کمیٹی کے ممبران کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل لیبر بلوچستان سعید احمد سرپرہ کی صدارت میں انکے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بلوچستان کے بھٹہ مزدوروں کے مسائل اور مشکلات پر تفصیلی بحث اور موجودہ مہنگائی کے تناسب سے انکی کم سے کم اجرت طے کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی اجلاس میں سہہ فریقی کمیٹی کے ممبران مختلف فیڈریشنوں کے رہنمائعابد بٹ پیر محمد کاکڑ منیر احمد ذوالفقار علی شاہ، مالکان کے نمائندوں لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب الرحمن محکمہ لیبر بلوچستان اورپی اینڈ ڈی کے افسران حسن نعمان میرف خان اور دیگر شریک تھے۔اجلاس میں حکومت سندھ اور پنجاب کے بھٹہ مزدوروں کیلئے نافذ کئے گئے قوانین کا بھی جائزہ لیا لیا۔ اجلاس میں بھٹہ مالکان کی بلوچستان نمائدہ ایسو ایشن کے عہدیدار کی شرکت یقینی بنانے کیلئے لیبر انسپکٹر کو رابطہ کرنے کا کہا گیا تاکہ آئندہ اجلاس میں بلوچستان کے بھٹہ مزدوروں کیلئے کم سے کم اجرت کا تعین کرنے کیلئے قانون سازی کو بحث کا حصہ بنایا جا سکے۔ مزدور رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں بھٹہ مزدور شدید مسائل کا شکار ہیں انہیں قوانین کے مطابق اجرت کی ادائیگی اور دیگر مراعات فراہم کرانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہونگے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی بھٹہ مزدوروں کیلئے اجرت کے قانون کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے