بلاول بھٹو زرداری نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کو 25 فیصد زائد رقم دینے کا اعلان کیاہے، کرن بلوچ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات اور وزارت اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی فوکل پرسن برائے ای او بی آئی کرن بلوچ نے کہاہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کو 25 فیصد زائد رقم دینے کا اعلان کیاہے،مستحق افراد یونین کونسل میں جاکر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں یہ ایک انقلابی اقدام ہے جس سے موجودہ مہنگائی کے دور میں غریب اور بے سہارا افراد کو بڑے پیمانے پر ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے اور عوام کی خوشحالی ہی ہمارا منشور ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید بی بی بے نظیربھٹو کے وڑن، نظریہ اور منشور کاحصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ کو نہ صرف پاکستان کا شفاف ترین پروگرام بنایا بلکہ پوری اقوام متحدہ سے لے کر عالمی بینک مانتے ہیں کہ یہ شفاف ترین ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پارٹی اقتدار میں آکر پاکستان کو ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے