چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کا دورہ گوادر، شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا

چیف سکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ہفتہ کے روز گوادر کا دورہ کیا اور ادارہ ترقیات گوادر کے تحت جاری شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ شہر میں سیوریج اور پانی کے مسائل دور کرنے کیلئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور شہر کے مختلف حصوں میں زیر تعمیر واٹر اسٹوریج ٹینک اور پائپ لائن کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمٰن قمبرانی نے بتایا جی ڈی اے روزانہ بلا تعطل 30 لاکھ گیلن پانی شادی کور اور سوڈ ڈیم سے ائرپورٹ واٹر اسٹیشن تک فراہم کررہی ہے۔ اور جی ڈی اے نے پورے شہر میں ازسر نو پائپ لائن بچھانے کے اہم منصوبہ پر کام مکمل کیا ہے۔ جبکہ شہر کے تین مختلف مقامات پر 35 لاکھ گیلن اسٹوریج انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس زیر تعمیر ہیں جو کہ تکمیل کے مراحل میں ہیں۔سنٹرل پارک کے مقام پر زیر تعمیر بیس لاکھ گیلن اسٹوریج ٹنک سے گردونواح کی آبادی کو آزمائشی طور پر پانی سپلائی شروع کردی ہے جو کہ کامیاب رہا ہے۔ اس موقع چیف سکریٹری نے تمام عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے