وزیر داخلہ بلوچستان کا خان محمد مری کے اہل خانہ کے باقی مغویوں کو 24 گھنٹے کے اندر بازیاب کرانے کا حکم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے مری قبائل کے مغوی افراد کو 24 گھنٹے کے اندر بازیاب کرانے کے احکامات جاری کردیے۔صوبائی وزیرداخلہ نے بچوں کی بازیابی کے لئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، آئی جی پولیس، جوائنٹ ڈایریکٹر آئی بی کوئٹہ، ہیڈ کوارٹر آئی ایس آئی، ایم آئی کو احکامات جاری کیے۔صوبائی وزیرداخلہ کی جانب سے جانب سے لکھے گئے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمے داری ہے، مری قبائل کے بچوں کا اب تک عدم بازیاب ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر برا اثر ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچوستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کے دو بیٹوں کی لاشیں ملیں، چند روز قبل سوشل میڈیا پر خاتون کی قرآن پاک ہاتھ میں لیے نجی جیل سے رہائی کی دہائیاں دیتی ہوئی ویڈیو سامنے آئی تھی۔خاتون کی جانب سے وزیر مواصلات بلوچستان سردار عبدالرحمان کھیتران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے بیٹوں سمیت خاتون کو نجی جیل میں قید کر رکھا ہے تاہم صوبائی وزیر نے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ان کے بیٹے انعام شاہ نے ان کے خلاف سازش کی ہے۔