حکمران جعلی مقدمےکروا کے ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں،پرویز الہٰی

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کاکہنا ہے کہ شریفوں نے جھوٹے پرچوں کی سیاست نہیں چھوڑی ، ہمارے خلاف جعلی مقدمے کروا کے خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق ایم پی اے پیر سید تقی شاہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، نگران حکومت اور گورنر عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ، خوف کا یہ عالم ہے کہ پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہے ، اعلیٰ عدلیہ نے نگران حکومت کو اپنا اصل کام یاد کروا دیا ہے۔چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف کا عمران خان سے کسی بھی میدان میں حقائق اور اعداد و شمار کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں ، نواز شریف لندن علاج کروانے گئے ہیں علاج ہی کروائیں، ہمارے خلاف جعلی مقدمے درج کروا کے خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے بعد اعلیٰ عدلیہ انصاف مہیا کر رہی ہے، حکمرانوں کی اصل کام کی طرف توجہ نہیں ، مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھر مار نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی سے تلہ گنگ کی معروف سیاسی سماجی شخصیات، سابق چیئرمینوں اور مسلم لیگی عہدیداران نے بھی ملاقات کی ، ضلع صدر پاکستان مسلم لیگ ملک اسد کوٹ گلہ، چیئر مین بلدیہ ملک قدیر الطاف، چیئر مین ملک ممتاز حیدر، شیخ سعید احمد،رانا محمد شفیق، حضرت علامہ مولانا مجید انور، مولانا اخلاق احمد، مولانا صابر ایوب و دیگر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے