وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بقایاجات کے حامل تمام نادہندگان کو نوٹسزجاری کئے جائیں،انجینئرعبدالکریم جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئرعبدالکریم جمالی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بقایاجات کے حامل تمام نادہندگان کو نوٹسزجاری کئے جائیں جس کے بعد بقایاجات جمع نہ کرنے والے تمام نادہندہ صارفین کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کئے جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کیسکوکے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں چیف انجینئر (آپریشن ڈائریکٹر) سید یوسف شاہ، چیف انجینئر (پلاننگ)محمدنعیم کاکڑ، چیف انجینئر (اواینڈایم) محمداقبال بڑیچ، چیف انجینئر (ٹی اینڈجی) سمیع اللہ،چیف انجینئر محمدہاشم جوگیزئی اورکیسکوکے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسئن اور دیگر متعلقہ آپریشن ڈویژن کے افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئرعبدالکریم جمالی نے کہاکہ بلو ں کی وصولی سے حاصل ہونے والے رقوم کے علاوہ کیسکوکے پاس دیگر کوئی مالی وسائل نہیں ہوتے جس کی وجہ سے صارفین کی جانب سے بلوں کی عدم ادائیگی کمپنی کیلئے مالی مشکلات کاسبب بن رہی ہے۔کیسکوچیف نے فیلڈآپریشن افسران کو ہدایت کی کہ بجلی کے پرانے اورخراب میٹروں کی بروقت تبدیل کئے جائیں علاوہ ازیں بجلی کی لائن پر کام کے دوران کارکنوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور حفاظتی اصولوں پر بھی سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی چوری سے قومی گرڈکونقصان پہنچنے کے علاوہ قومی خزانے کوبھی ریونیو کی مدمیں بھی کروڑوں روپے کانقصان اُٹھاناپڑرہاہے علاوہ ازیں بجلی چوری اورغیرقانونی کنکشنز کی وجہ سے گرڈسسٹم پر بے تحاشا لوڈبڑھ جاتاہے جس کے باعث وولٹیج میں کمی وبیشی، ٹرپنگ اوربجلی کی فراہمی میں تعطل پیداہوجاتاہے انہوں نے مزیدکہاکہ صارفین کے ساتھ بہتر تعلق کو استوار کریں اور سروس میں بہتری لانے کے لئے مزید اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انھوں نے تمام آپریشن سرکل کے افسران کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہ کر تمام فیڈروں کی کومبنگ اور غیر قانونی کنکشنز منقطع کریں علاوہ ازیں صوبہ کے تمام علاقوں میں اے ایم آر میٹروں کی تنصیب کے کام کو مارچ کے وسط تک مکمل کیاجائے۔ کیسکوچیف نے مزیدکہاکہ بجلی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کیلئے ضروری ہے کہ عوام الناس اور صارف کواپناانفرادی کرداراداکرتے ہوئے رضاکارانہ طورپربجلی چوروں کی نشاندہی کوقومی فرض سمجھ کر کیسکوسے تعاون کریں اور ان کے اس عمل کی کمپنی کی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر(آپریشن ڈائریکٹر)سید یوسف شاہ نے کہاکہ وسائل کی کمی کے باوجود ریکوری کے اہداف کو پوراکیاجائے اور نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کو مزید تیز کیاجائے۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکو سپرنٹندنگ انجینئرز، ایگزیکٹوانجینئرزاور ریونیو افسران کی جانب سے اپنے متعلقہ سرکل اور ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔