کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں ای خدمات مراکز قائم کئے جائیں گے،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ سول سیکرٹریٹ کے دستیاب احاطے میں مزید دفاتر کی گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے اسپینی روڑ پر حکومت بلوچستان کا نیا سمارٹ سیکرٹریٹ قائم کیا جاررہا ہے جہاں تمام تر سرکاری ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لئے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام آفیشل ڈیٹا بنک قائم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ محمد طیب لہڑی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جنہوں نے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں جاری منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں ای خدمات مراکز قائم کئے جائیں گے جہاں ایک ہی چھت تلے عوام کو لوکل ڈومیسائل، برتھ، میرج، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ڈرائیونگ لائسنس، اسٹامپ پیپر سمیت تمام ضروری دستاویزات ملیں گی صوبائی حکومت نے ای خدمات مرکز کوئٹہ کے لیے پانچ کروڑ دس لاکھ روپے جاری کردئیے ہیں اور آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران سول سیکرٹریٹ سے متصل یہ ای مرکز فعال کردیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اندرون بلوچستان کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ ای مراکز کے قیام کے لئے مناسب مقامات کی نشادہی کریں تاکہ عوامی سہولیات کے ان مراکز کا دائرہ کار پورے صوبے تک وسیع کیا جاسکے، ان تمام ای سینٹرز کا مرکزی ڈیٹا سنٹر نیو سمارٹ سیکرٹریٹ میں بنایا جائے گا جہاں اس مقصد کے لئے چالیس ہزار فٹ اراضی مختص کی گئی ہے ان مراکز سے عوام کو روز مرہ دستاویزات سمیت 135 خدمات آفیشل سروسز فراہم کی جائیں گی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوگا اور انہیں مقامی سطح پر بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے