ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہونے جارہی ہے جو کہ بہت اہمیت کی حامل ہے،سہیل الرحمان بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ کی زیر صدارت ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے فراہم کردہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے جائزہ کے حوالے سے ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایف سی 151ونگ کرنل زبیر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ نور محمد,ایس ایس پی آپریشنز زوہیب محسن،ڈائرئکٹر لوکل گورنمنٹ ظفر اقبال،ڈائرئکٹر ایجوکیشن،ڈی ای او فیمیل اور باقی پیشن اور چمن کیڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے زریعے شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہونے جارہی ہے جو کہ بہت اہمیت کی حامل ہے اور جس کی تیاری کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے کافی عرصے سے متحرک ہیں اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کو احسن طریقے سے مکمل کرنے کے لئے انہوں نے اپنے انتظامات مکمل کر لئے ہیں مردم شماری چونکہ ایک طویل مشق کی طرح ہوتی ہے جو کافی دنوں پر محیط ہوتی ہے لہذا تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون اور یکسوئی سیاس اہم اور قومی فریضہ کو سرانجام دیں۔ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے کچھ ایشوز سامنے آرہے ہیں جن کو بہت جلد ضلعی انتظامیہ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر حل کر لے گی اور موجودہ حالات کے تناظر میں سیکورٹی کے حوالے سے تمام تر اقدامات اپنے آخری مراحل میں ہیں جن میں پولیس اور ایف سی کا کردار بہت نمایاں اور جہاں پر ضرورت پڑی وہاں پر لیویز اور پاک فوج کی خدمات بھی لی جا سکیں گی اس کے علاوہ سکیورٹی اور مردم شماری کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے کنٹینجینسی پلان بھی بہت جلد مرتب کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے کیونکہ آبادی اور وسائل کو متوازن کرکے ملکی ترقی کی رائیں محیط کئے جاسکتے ہیں لہذا عوام بھی مردم شماری میں صحیح معلومات فراہم کریں تاکہ مردم شماری کو کامیاب بنایا جاسکے۔